Press Release
02-03-2024

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید طارق محمود الحسن کی دعوت پر آج متعدد نامور شخصیات، ٹیکنو کریٹس اور مخیر حضرات نے پاکستان بیت المال ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں منیجنگ ڈائریکٹر بیت المال نے انھیں بیت المال کی ورکنگ اور پراجیکٹس کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔ تمام معزز مہمانوں نے ایم ڈی کو انکی تعیناتی پر مبارکباد دی اور سماجی فلاح و بہبود کیلئے مل کر ساتھ کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ معزز مہمانوں نے بیت المال کے تمام منصوبوں بشمول انفرادی مالی امداد، پاکستان سویٹ ہومز، ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز، چائلڈ لیبر بحالی مراکز، شیلٹر ہومز، او ڈبلیو ایس پی، گریٹ ہوم اور دیگر منصوبہ جات میں نہ صرف گہری دلچسپی ظاہر کی بلکہ بیت المال کی عوامی خدمت کے پروگراموں کی تعریف کی اور سماجی شعبے میں سید طارق محمود الحسن کی خدمات اور کردار کو سراہتے ہوئے بحیثیت ایم ڈی بیت المال ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ایم ڈی سید طارق محمود الحسن کو مفید مشورے بھی دیئے اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ بریفنگ کے شرکاء میں میجر جنرل عرفان ارشد، امریکہ سے علامہ سید ظہیر الحسن، نو منتخب ایم پی اے رانا اقبال سراج، سابق پراسیکیوٹر جنرل رانا بختیار، وائس پریذیڈنٹ سپریم کورٹ بار عمر حیات سندھو، مختار عباس، توقیر عباسی، صدر یوتھ ونگ مسلم لیگ نون یو کے بیرسٹر رانا جنید، راجہ گفتار احمد ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء کی کثیر تعداد بھی شامل تھی۔ منیجنگ ڈائریکٹر سید طارق محمود الحسن نے اپنا قیمتی وقت نکال کر آنے والے تمام مہمانوں اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا اور ان سے امید ظاہر کی کہ بیت المال کے نیکی کے تمام کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ادارے کے کاز کو سول سوسائٹی میں فروغ دیتے ہوئے ان کا دست و بازو بنیں گے۔